قاہرہ،19ستمبر(ایجنسی) مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے ہفتے کے روز ایک نئی 16 رکنی مصری کابینہ سے حلف لیا ہے۔ یاد رہے کہ پچھلی حکومت ایک کرپشن سکینڈل کے سامنے آنے پر پچھلے ہفتے کے دوران مستعفیٰ ہوگئی تھی۔
پچھلی کابینہ میں وزیر پیٹرولیم اور آزمودہ ٹیکنوکریٹ کے طور پر پہچانے جانے والے شریف اسماعیل اس نئی
کابینہ میں وزیر اعظم کی خدمات انجام دیں گے۔ سیسی نے سرکاری آئل کمپنی کے سابق سربراہ طارق الملا کو وزیر پٹرولیم نامزد کیا ہے۔ طارق الملا کے ذمے ملک کے توانائی بحران کا حل نکالنا اور ملک کے اسٹریٹیجک سیکٹر میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو بڑھانا ہوگا۔
سابق وزیراعظم ابراہیم محلب نے ماہ ستمبر کے دوران وزیر زراعت کی کرپشن سکینڈل میں تحقیقات کے دوران حراست کے 12 دنوں کے بعد استعفیٰ دے دیا تھا۔